13 جولائی ، 2012
اسلام آباد … ایف بی آر کے نئے چیئرمین کی تعیناتی پر سابق قائم مقام چیئرمین ایف بی آر اور ممبر کسٹمز ممتاز حیدر رضوی رخصت پر چلے گئے، حکومت نے پاکستان کسٹمز سروس گریڈ 21کے محمد ریاض کو ایف بی آر کا نیا ممبر کسٹمز لگا دیا گیا ۔ ایف بی آر کی طرف سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق محمد ریاض کو ممبر کسٹمز تعینات کر دیا گیا ہے، اس سے قبل محمد ریاض ایف بی آر میں ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس اینڈ کسٹمز کے عہدے پر تعینات تھے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اگلے احکامات تک ڈی جی انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کا اضافی چارج بھی ممبر کسٹمز کے پاس ہی رہے گا۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق نئے ممبر کسٹمز کی تعیناتی ممتاز حیدر رضوی کے رخصت پر چلے جانے کے باعث کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ممتاز حیدر رضوی 2 روز قبل نئے چیئرمین ایف بی آر علی ارشد حکیم کی تعیناتی کی وجہ سے رخصت پر چلے گئے، ممتاز حیدر رضوی ممبر کسٹمز کے ساتھ ساتھ قائمقام چیئرمین ایف بی آر تھے ، جنہوں نے 2 اگست کو (ر) ہونا ہے۔