13 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے زمان ٹاوٴن سے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم سرکاری نمبر پلیٹ لگا کر کراچی سے گاڑیوں کو نوشہروفیروز لیجاکر فروخت کرتا تھا۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ جاوید مہر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ زمان ٹاوٴن کے علاقے سے بین الصوبائی کارلفٹر گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور سندھ گورنمنٹ نمبر پلیٹ کی کار برآمد کرلی، گرفتار ملزم محمد ایوب خود بھی ایک نامور کمپنی میں مکینک کا کام کرچکا ہے اور 15 روز قبل ہی جیل سے 3 سال کی سزا کاٹ کر رہا ہوا ہے۔ ملزم دوسرے گینگ کی ڈیمانڈ پر صرف مہران کاریں چوری اور چھیننے کے بعد نوشہروفیروز تک پہنچاتا تھاجس کے عوض اسے 40 ہزار روپے ملتے تھے۔ ایس ایس پی جاوید مہر کے مطابق ملزم چھینی یا چوری کی جانے والی گاڑیوں کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتالوں میں پرچی حاصل کرنے کے بعد پارک کرتا تھا۔