13 جولائی ، 2012
کوئٹہ … وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ ہم جمہوریت، جمہوری اداروں اور پاکستان پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں اور اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ جلسے، جلوسوں میں آزاد بلوچستان، سندھو دیش اور آزاد پشتونستان جیسے نعرے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ یہ بات وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کے صوبائی کابینہ سے خطاب کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ، عدلیہ اور تمام اداروں کو مضبوط بنانا ہے اور ملک میں محاذ آرائی کی سیاست نہیں ہونی چاہئے اور تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھ کر عوامی مسائل کے حل کا طریقہ کار تلاش کرنا چاہئے۔ نواب اسلم رئیسانی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ سپریم کیورٹ نے 25 جولائی کی جو ڈید لائن دی ہے ایک بہتر سیاسی حکمت عملی اختیار کر کے حکومت اس سے سرخرو ہو کر نکل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ راجا پرویز اشرف بطور وزیراعظم پہلی بار بلوچستان آئے ہیں اور ہماری دعا ہے کہ وہ وزیراعظم کے طور پر بار بار بلوچستان آئیں۔