پاکستان
Time 24 ستمبر ، 2017

'نواز شریف وطن واپس آکر بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے'

لاہور: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپس آرہے ہيں اور وطن واپسی پر وہ بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ہی ہیں اور ان کے بعد لیڈر شہباز شریف ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحت یابی کے بعد نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور بہت سے لوگوں کی امیدوں پر پانی پھیریں گے، 

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آئین میں عبوری حکومت کی کوئی گنجائش نہیں ہے لہذا کوئی سیاسی جماعت اسے تسلیم نہيں کرے گی جب کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کارکردگی بھی بہت اچھی ہے۔

ایاز صادق کا پرویز مشرف کی جانب سے آصف زرداری پر بے نظیر بھٹو کے قتل کے الزام پر کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو زرداری کے ذمے دار ہونے کا علم تھا تو انہوں نے پہلے انکشاف کیوں نہیں کیا۔

مسلم لیگ کے رہنما چوہدری نثار سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ جس دن عدالت کا فیصلہ آیا تو چوہدری نثار نواز شریف کے ساتھ موجود تھے اور انہوں نے 'مجھےکہا  کہ پارٹی بھی مسلم لیگ (ن) اور قائد بھی نوازشریف ہیں'۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات ہوئی کہ ہر سیاستدان کو ملکر دہشت گردی کے خلاف لڑنا ہے اور نوجوان لیفٹیننٹ  ارسلان عالم نے جان کا نذرانہ دے کر ملک کو بچایا ہے۔

مزید خبریں :