Time 03 اکتوبر ، 2017
کھیل

ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے غیر ملکی کھلاڑیوں کی کراچی آمد


کراچی: کرکٹ، فٹ بال اور ریسلنگ کے بعد اب پاکستان کے ہاکی گراﺅنڈ بھی غیر ملکیوں کی میزبانی کریں گے۔

نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں ارجنٹائن کے چار گول کیپرز کراچی پہنچ گئے ہیں۔

اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی، اولمپیئن افتخار سید اور کرنل سیف الرحمان نے ائیرپورٹ پر ان کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔

پاکستان کا دورہ کرنے والے کھلاڑیوں میں مارکوس گونزالو مارٹن، موریرو ویریا، جان اگناشیوڈیاز اور ایمیلانوبوسو شامل ہیں جبکہ ایونٹ میں شرکت کے لیے آسٹریلوی کھلاڑی بھی کراچی پہنچیں گے۔

آسٹریلیا سے آنے والوں میں ٹوبی فرگوزن، جوشا بلائز میکلر، ڈیوڈ آرتھر، زیک ایڈورڈ واکر ، بریکلے جان ، میتھیو گریم، نکولس جیمز شامل ہوں گے۔

ائیرپورٹ پر ارجینٹینا کے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کررہے ہیں، امید کرتے ہیں کہ دورہ خوشگوار رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے شائقین کو بہتر تفریح فراہم کرنے کے خواہاں ہیں، پاکستانی بہت پرخلوص اور محبت کرنے والے ہیں۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں کل سے شروع ہونے والے نشانِ حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح ڈی جی رینجرز سندھ محمد سعید کریں گے جبکہ اختتامی تقریب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

مزید خبریں :