Time 11 اکتوبر ، 2017
کھیل

ایشیا کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو سات گول سے ہرا دیا

کراچی: پاکستان نے دسویں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں میزبان بنگلہ دیش کو صفر کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

فاتح ٹیم کی جانب سے عماد شکیل بٹ نے ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ عماد شکیل بٹ اور ارسلان قادر نے دو دو گول اسکور کیے۔

ڈھاکہ کے مولانا بھاشانی ہاکی اسٹیڈیم میں پول اے کے اس میچ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے کیا اور دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے کئے گئے تاہم پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا۔

پاکستان کی جانب سے دوسرے کوارٹر میں ابو بکر محمد نے 18ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول اسکور کرکے پاکستان کو برتری دلائی جس کے بعد کھیل میں مزید تیزی آگئی تاہم دوسرے کوارٹر میں مزید کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔

تیسرے کوارٹر میں پاکستان نے بنگلہ دیشی گول پوسٹ کا مسلسل محاصرہ کئے رکھا اور تین گول اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے عماد شکیل بٹ نے 33ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک پرگول اسکور کر کے اسکور2-0کیے جبکہ اسی منٹ میں ارسلان قادر نے بھی گول کیا۔

اس طرح دونوں نے یکے بعد دیگرے گول اسکور کر کے پاکستان کی برتری کو3-0کر دیا۔

اسی کوارٹر میں پاکستان کی جانب سے ابو بکر محمد نے ملنے والے پنالٹی کارنر پر41ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول اسکور کر کے میزبان سائڈ پر دبائو مزید بڑھادیا ،تیسرا کوارٹر 4-0کے اسکور پر ختم ہوا۔چوتھے اور آخری کوارٹر میں بھی پاکستان نے تین گول کےے، پاکستان کے عماد شکیل بٹ نے 47ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا پانچواں گول بناکر اسکور5-0کیا۔اس گول کے بعد بنگلہ دیشی کھلاڑیوں نے عماد شکیل کے خلاف رف کھیل کا مظاہرہ کیا اور ان کی ٹانگ پر ہاکی مار کر انہیں زخمی کر دیا تاہم چوٹ معمولی نوعیت کی تھی۔

پاکستان کی جانب سے چھٹا گول ابو بکر محمد نے50ویں منٹ میں بناکر اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی جبکہ ساتواں اور آخری گول کھیل کے آخری منٹ میں ارسلان قادر نے اسکور کیا جو فیلڈ گول تھا۔

پاکستان کے راشد محمود کو 28ویں اور اعجاز احمد کو 52ویں منٹ میں گرین کارڈز دکھا ئے گئے۔ارسلان قادر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تاریخ میں پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف مسلسل پانچویں کامیابی ہے اور بنگلہ دیش کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف ایشیا کپ میں گول اسکور نہ کرنے کا ریکارڈ بھی قائم رکھا۔

قومی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں کل جاپان کے خلاف مد مقابل ہو گی۔علاوہ ازیں پہلے دن بھارت نے جاپان کو اےک کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔

مزید خبریں :