14 جولائی ، 2012
اسلام آباد … مون سون نے ملک بھر میں رنگ جمانا شروع کردیا ہے، مختلف علاقوں میں بارش کے بعدگرمی کا زورٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 36 گھنٹے تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہفتے کی شام بادل گرجے اور خوب جھوم کر برسے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ برکھا رت کے منتظر لوگوں نے بھی اس حسین موسم سے لطف اندوز ہونے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ محکمہ موسمیات نیاسلام آباد، راول پنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال اور ملتان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے ساحلی علاقوں کے ساتھ پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، بنوں اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ بالائی پنجاب اور ڈی جی خان ڈویژن میں تیز بارش کا امکان ہے۔ نوشہرہ میں ہلکی بوندا باندی کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ سندھ کے ساحلی علاقوں ٹھٹھ اور میر پور ساکرو میں بھی بارش ہوئی۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں دن بھر وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ ساون برستا رہا۔ بلوچستان کے علاقوں حب، ژوب، بارکھان، رکھنی، فورٹ اور کوہ سلیمان پر گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ شمالی علاقے بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارش برسانے والا مون سون کا موسمی سسٹم آئندہ 36 گھنٹوں تک برقرار رہے گا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دادو اور سکھر میں درجہ حرارت 42 ،کوئٹہ، ملتان اور گلگت میں 38، پشاور 37، لاہور 36، اسلام آباد 35، فیصل آباد اور مظفرآباد 34، کراچی 33 اور مری میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔