18 اکتوبر ، 2017
ہیرو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں ملائشیا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے شکست دے دی۔
بنگلادیش کے شہر ڈھاکا کے مولانا بھاشانی نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لئے پاکستان اور ملائشیا کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔
پاکستان کی جانب سے عمر بھٹہ نے میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول کر کے مخالف ٹیم پر 0-1 کی برتری حاصل کی۔
کھیل کے پہلے ہی کوارٹر میں دونوں جانب سے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کے گئے اور پاکستان کی جانب سے اظفر یعقوب نے ایک اور گول داغ کر ملائشیا پر 0-2 کی سبقت حاصل کی۔
پہلے کوارٹر کے اختتام سے قبل ملائشیا نے یکے بعدیگرے 2 گول کر کے پاکستان کے خلاف اسکور 2-2 سے برابر کردیا۔
کھیل کے دوسرے کوارٹر کے ابتدائی چند منٹوں میں ملائشیا نے ایک اور گول داغ کر پاکستان پر سبقت حاصل کی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی۔
ملائشیا کی جانب سے رضی رحیم، شاہرل صباح اور فطری ساری نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستان سپر فور مرحلے کا اپنا دوسرا میچ کل جنوبی کوریا کے خلاف کھیلے گا۔