03 نومبر ، 2017
لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید اسموگ کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں چھ افراد جاں بحق جبکہ 37 زخمی ہوگئے۔
پنجاب میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سموگ کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جس کےباعث حادثات کی شرح بھی بڑھ گئی ہے۔
کامونکی میں شیخوپورہ روڈ پر دھند کے باعث مسافر وین اور بس کی ٹکر کے نیتجے میں5 افراد جاں بحق اور9 زخمی ہوگئے۔
ادھر جلالپور بھٹیاں کےقریب موٹر وے پر ٹرک اور بس کی ٹکر میں ایک شخص جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔
شیخوپورہ میں فیروز وٹواں کے نزدیک مسافر وین ٹرک سے ٹکرا گئی، ایک ہی خاندان کے 15 افراد زخمی ہوگئے۔
لاہور کے علاقے سبزہ زار میں تیزرفتار کار کےحادثے میں 4 افراد زخمی ہوکراسپتال پہنچ گئے، عارف والا میں آئل ٹینکر ایک موٹرسائیکل کو روندتا ہواٹرک سےٹکرا گیا،موٹرسائیکل سوار 3 افراد سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔
موٹر وے حکام کے مطابق لاہور سے بھیرہ تک مختلف مقامات پر حد نگاہ صرف 25 سے 50 میٹر رہ گئی۔
ہائی ویز اور موٹروے پولیس نے سموگ اور دھند کے دوران مسافروں کو محتاط ڈرائیونگ اور فوگ لائٹس استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جھنگ میں حد نگاہ 10میٹر، فیصل آباد میں 30، ملتان میں 50،ساہیوال میں 200، لاہور میں 300، اور خان پور اورنور پور تھل میں 500 میٹر ریکارڈ کی گئی۔