,
Time 08 نومبر ، 2017
پاکستان

پنجاب میں اسموگ برقرار، اسکولز ایسوسی ایشن کا اوقات کار تبدیل کرنے سے انکار

فائل فوٹو/ اے ایف پی—۔

پنجاب میں آج بھی آلودہ دھند اور اسموگ کا راج ہے اور حدنگاہ کم ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے حکومت کی جانب سے اسموگ کے باعث اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کرنے سے انکار کردیا ہے۔

آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر نے اسموگ کے باعث اسکولز ٹائمنگ تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

صدر آل پاکستان پرائیوٹ اسکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ اسموگ کی شدت سارا دن ہی برقرار رہتی ہے، حکومت کی جانب سے اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنا مسئلےکا حل نہیں۔

کاشف مرزا کا مزید کہنا تھا کہ اسکولوں کے اوقات تبدیل کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، حکومت اوقات تبدیل کرنے کے بجائے اسموگ پر قابوپانے کے اقدامات کرے۔

دھند اور اسموگ کے باعث ٹرینوں کے آمد رفت بھی متاثرہوئی ہے اور ٹرینیں 4 سے 13 گھنٹے تک کی تاخیر کا شکار ہیں۔

دوسری جانب ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹروے کو بابو صابو سے پنڈی بھٹیاں تک بند کر دیا گیا ہے، موٹروے ایم 3،پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد بھی بند ہے جبکہ موٹروے ایم 4، فیصل آباد سے گوجرہ تک موٹروے عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔

ترجمان کے مطابق شہری اسموگ و دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے۔

مزید خبریں :