21 نومبر ، 2017
کراچی: شہر قائد کے علاقے نمائش چورنگی پر مذہبی و سیاسی جماعت 'تحریک لبیک یارسول اللہ' کے تحت احتجاجی دھرنا تیسرے روز بھی جاری ہے۔
دھرنے کے باعث نمائش سے سی بریز جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند ہے۔
'تحریک لبیک یارسول اللہ' کے تحت نمائش سے تبت سینٹر تک احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم شرکاء نے نمائش چورنگی پر ہی دھرنا دے دیا۔
دھرنے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ جب تک اسلام آباد میں دھرنا جاری ہے تب تک کراچی میں بھی دھرنا جاری رہے گا۔
احتجاجی دھرنے میں ہر عمر کے افراد شریک ہیں اور شرکاء نے نمائش چورنگی سے سی بریز جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کررکھا ہے۔
سڑک بند ہونے کے باعث ٹریفک پولیس کی جانب سے متبادل راستوں پر ٹریفک کو موڑا جارہا ہے اور صدر سے نمائش آنے والے ٹریفک کو پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جارہا ہے۔
دوسری جانب سوسائٹی آفس سے نمائش چورنگی آنے والے ٹریفک کو کوریڈو تھری سے پیپلز چورنگی کی طرف موڑا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد-راولپنڈی کے سنگم پر واقع فیض آباد انٹرچینج پر ایک مذہبی و سیاسی جماعت 'تحریک لبیک'کی جانب سے دیئے گئے دھرنے کو دو ہفتے سے زائد ہوگئے ہیں، جس میں وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
مذہبی و سیاسی جماعت نے یہ دھرنا ایک ایسے وقت میں دیا جب رواں برس اکتوبر میں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم منظور کی تھیں، جس میں 'ختم نبوت' سے متعلق شق بھی شامل تھی، لیکن بعد میں حکومت نے فوری طور پر اسے 'دفتری غلطی' قرار دے کر دوسری ترمیم منظور کرلی تھی۔
شہریوں کی مشکلات کے پیش نظر اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے دھرنا ختم کرانے کے احکامات کے باوجود وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ فیض آباد انٹرچینج کو مظاہرین سے خالی نہیں کروا سکی، جس پر سپریم کورٹ نے بھی آج صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری دفاع اور داخلہ کو نوٹس جاری کردیا۔