04 دسمبر ، 2017
لیہ: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ ایک نظریہ کا نام ہے، ان کا نظریہ صرف اقتدار میں آؤ پیسہ بناؤ ہے۔
لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا نظریہ ہے کہ الیکشن میں دھاندلی کرو، ریٹرننگ افسر کو پیسہ کھلاؤ اور سارے ایسے وزیروں کو اپنے ساتھ ملالو جن کے اقامے ہوں۔
انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا موازنہ میرے ساتھ نہیں بلکہ سلطانہ ڈاکو سے کریں، یا فلپائن کے مارکوس سے کریں یا پھر قذافی سے کریں جن کے بیٹے لیبیا سے اربوں روپے بیرون ملک لے گئے۔
عمران خان نے کہا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال معتبر شکل بناکر جھوٹ بولتے ہیں، ان کا اقامہ سعودی عرب میں ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اگر ان کی جماعت اقتدار میں آئی تو لاہور کے گورنر ہاؤس پر بلڈوزر کھڑے ہوں گے اور دیواریں گررہی ہوں گی۔
اس موقع پر انہوں نے ایک مرتبہ پھر ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اپنا مطالبہ دہرایا اور کہا کہ قبل ازوقت انتخابات ملک کی ضرورت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کل ساری پالیسیاں چھوٹے سے طبقے کیلیے بنتی ہیں، تاہم پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا۔
ملائیشیا اور کوریا ہم سے سیکھ کر آگے نکل گئے، پاکستان وہ ملک بنے گا جہاں لوگ باہر سے نوکریاں ڈھونڈنے آیا کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ آج ہر پاکستانی پر ایک لاکھ 30 ہزار روپے قرض ہے، جو قومیں غلطیوں سے سیکھتی ہیں وہ پھر سے کھڑی ہوجاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ لوگ پیسہ مجھے دیتے ہیں، وہ ایسا اس لیے کرتے ہیں کیوں کہ وہ مجھ پر اعتماد کرتے ہیں۔