Time 05 دسمبر ، 2017
پاکستان

میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے پیٹرول ویسل کی لانچنگ کی تقریب

کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کیلئے تعمیر کئے جانے والے 600 ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل کی لانچنگ کی تقریب آج شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔

ایڈمرل ظفر محمود عباسی ،سربراہ پاک بحریہ اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔

پاک بحریہ کے ایک اعلامیے کے مطابق یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ کثیرالمقاصد جہاز اسٹیل ہل اور المونیم سُپر اسٹرکچر کا حامل ہے، اس کی لمبائی 68.5 میٹر اور چوڑائی 8.7 میٹر ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ 27ناٹ کی رفتار حاصل کر سکتا ہے۔

یہ جہاز پاکستان کی تجارتی بحری حدود میں تحفظ، تلاش اور اِمدادی امور انجام دینے کیلئے پوری طرح آراستہ ہے۔ یہ 600ٹن میری ٹائم پیٹرول ویسل چائنا شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن (سی ایس ٹی سی) کے تکنیکی تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی، ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کراچی شپ یارڈ، سی ایس ٹی سی اور پی ایم ایس اے کو یہ اہم سنگ میل عبور کر نے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان اور چین کی سدابہار دوستی کا ایک اور تاریخی منصوبہ ہے۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کے آغاز اور خصوصی اقتصادی زون میں توسیع سے پاک بحریہ بالخصوص پی ایم ایس اے کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے۔

اُنھوں نے سی پیک کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کو خطہ کا تجارتی مرکز بنا دے گا۔

ایڈمرل عباسی نے کہا کہ اگر ہم چین کے بیرونی تجارتی حجم کے صرف دس فیصد حصے سے بھی فائدہ اٹھا سکیں تو یہ ہماری بندرگاہ کے راستے ہونے والی تجارت کے موجودہ حجم کا تقریبا پانچ گنا ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صرف میری ٹائم سیکٹر میں ہی اتنے امکانات موجود ہیں جس سے ہماری مجموعی قومی پیداوار میں دو سے تین گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔

اُنھوں نے معاشرے کے مختلف طبقوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اندرون ملک شپ بلڈنگ اور میری ٹائم سیکٹر کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔

قبل ازیں شپ یارڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر رئیر ایڈمرل سید حسن ناصر شاہ نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ 600ٹن میری ٹائم پٹرول ویسل کی تعمیر وزارت برائے دفاعی پیداوار اور سی ایس ٹی سی (چائنا) کے ساتھ کیے جانے والے معاہدے کا حصہ ہے جس کے تحت پی ایم ایس اے کے لیے چھ عدد ایم پی ویز تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایم پی ویز پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی پاک بحریہ کے ساتھ مل کر بحر ی حدود کی حفاظتی صلاحیت میں اضافے کا سبب ہوں گے۔

انہوں نے شپ یارڈ میں جاری دیگر منصوبوں جن میں 1500ٹن ایم پی وی، 32ٹن بولارڈ پل ٹگز اور میزائل بردار جہاز FAC(M)-4کے حوالے سے بھی حاضرین کو آگاہ کیا۔ انہوں نے

پاک بحریہ اور حکومت پاکستان کا 4اے آئی پی آبدوزوں کی تعمیر کے منصوبوں کے لیے شپ یارڈ پر اعتماد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ منصوبوں کی تیاریاں بھر پور انداز سے جاری ہیں تاکہ مقررہ وقت پر کام کا آغاز کیا جاسکے۔

تقریب میں اعلیٰ حکومتی عہدیداران، پاک بحریہ کے افسران چائنا شپ بلڈنگ اینڈ ٹریڈنگ کارپوریشن اور کراچی شپ یارڈ کے اعلیٰ عہدیِداران نے بھی شرکت کی۔

مزید خبریں :