10 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پچھلے ساڑھے چار سال میں رونے جھوٹ بولنے اور گالیاں دینے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔
تحریک انصاف کے شیخو پورہ میں جلسے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آج پھر وہی گھسا پیٹا ریکارڈ چلایا، وہ اب اپنی تقریروں سے اپنے آپ کو بیوقوف بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب عوام کو بتائیں پچھلے ساڑھے چار سال میں آپ نے کتنے بجلی کے پراجیکٹس لگائے، قوم کو بتائیں 350 چھوٹے ڈیم کہاں ہیں؟ وہ قوم کو بتائیں انصاف بس کہاں ہے؟ عوام کو بتائیں احتساب کمیشن کا تالا کب کھولیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پچھلے چار سال میں جتنے جھوٹ بولے ہیں اتنا کام کرتے تو کے پی کے کے لوگ اپ کے خلاف بنی گالا کے باہر احتجاجی مظاہرے نہ کرتے، آپ پاکستان بالخصوص کے پی کے کی عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہے ہیں۔
وزیر مملکت نے کہا کہ وفاقی حکومت نے پچھلے ساڑھے چار سال میں آپ کے حصے کا کام بھی کیا ہے کیوں کےآپ تو آج تک کنٹینر سے ہی نہیں اترے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اب تو انشااللہ اورنج ٹرین بھی مکمل ہو جائے گی آپ کا کیا ہو گا، آپ سے خیبر پختونخوا میں میٹرو اور بس سروس تو بن نہ سکی اب رکشہ سروس ہی شروع کروا دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اگلی تقریر میں خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کی کارکردگی پر صرف تین لائنیں بول کے دکھائیں ، اگلی جلسی میں گن کر بتائیں پچھلے ساڑھے چار سال میں کتنے جھوٹ بولے۔