11 دسمبر ، 2017
لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے لندن میں ملاقات کی۔
ن لیگی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں میں ملک کی موجودہ صورت حال پرغور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
اس سے قبل احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار کو اشتہاری ملزم قرار دے دیا تھا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے اسحاق ڈار کے خلاف دائر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت کی۔
عدالت نے مسلسل غیر حاضری پر اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ضامن احمد علی قدوسی کو حتمی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
عدالت نے ضامن کو تین روز کے اندر ملزم کو پیش کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ملزم کو پیش نہ کرنے کی صورت میں 50 لاکھ روپے کے زرضمانت مچلکے ضبط کرلیے جائیں گے۔
اسحاق ڈار علاج کے سلسلے میں ان دنوں لندن میں موجود ہیں۔