پاکستان
Time 13 دسمبر ، 2017

فاٹا کو فوری طور پر کے پی میں ضم کیا جائے، عمران خان


کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فاٹا میں دہشت گردی کی وجہ سے خلاء پیدا ہوا جسے پر کرنے کے لیے اسے فوری طور پر خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان (نیپ) کی شق 12 میں کہا گیا تھا کہ فاٹا کو سیٹل کرنا ہے، دہشت گردی روکنی ہے تو وہاں موجود خلاء کو پر کیا جائے۔

عمران خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے دباؤ میں حکومت اس معاملے کو 2022 تک لیکر جانا چاہتی ہے۔

ماڈل ٹاؤن واقعے کی رپورٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجفی کی رپورٹ میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر الزام عائد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے میں 14 افراد کو پولیس کے ذریعے مارا گیا جبکہ 100 کو گولیاں لگیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ختم نبوت کا مسئلہ ابھی ختم نہیں ہوا، سب پوچھ رہے ہیں کہ کیا ضرورت تھی خفیہ تبدیلی کی تاہم اس کے باوجود یہ پکڑے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ظفر الحق کی رپورٹ کا پوری قوم انتظار کررہی ہے۔

قبل ازوقت انتخابات کے اپنے مطابلے کو ایک مرتبہ پھر دہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلوں کا حل فوری انتخابات ہیں، ہر روز ملک میں مشکلات بڑھتی جارہی ہیں۔

’عارف علوی ہمارے ایم این اے ہیں، اب نظر آئے‘

اس سے قبل عمران خان نے کراچی کے تاجروں سے ملاقات کی جس کے دوران تاجروں نے ان سے گلے شکوے کیے۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ عارف علوی ہمارے ایم این اے ہیں، اب نظر آئے، پی ٹی آئی کو ووٹ دیے لیکن مسائل حل نہیں ہوئے۔

تاجروں کا موقف تھا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کے بعد کام نہیں کیا، کراچی میں دھرنوں کیلیے کوئی ایک جگہ مقرر کریں۔

عمران خان نے بھی اعتراف کیا کہ وہ کراچی کا مناسب وقت دینے سے قاصر رہے کیوں کہ وہ ’مافیہ‘ سے لڑنے میں مصروف تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل صرف براہ راست میئر کے انتخاب سے حل ہوسکتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ساری سیاسی جماعتوں کو معلوم تھا کہ 2013 کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی، الیکشن کمیشن نے ن لیگ سے مل کر دھاندلی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے پاناما پر سوال کیا تو انہوں نے جھوٹ پر جھوٹ بولے، اگر وہ احتجاج نہ کرتے تو پاناما کو دفن کر کے اس پر پھول اگے ہوتے۔

عمران کان نے قائد آباد میں کارکنوں سے خطاب میں کراچی کو پی ٹی آئی کا شہر قرار دیدیا اور کہا کہ موقع ملا تو صحیح معنوں ميں بلدیاتی نظام لاکر دکھائيں گے۔

مزید خبریں :