18 دسمبر ، 2017
کراچی میونسپل کارپوریشن نے شہر میں بڑی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے رفاعی سمیت 20 ہزار سے زائد پلاٹوں پر قبضہ ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے کے ایم سی اینٹی انکروچمنٹ ٹاسک فورس پیر سے بڑا آپریشن کرنے جارہی ہے جس کے دوران مزاحمت روکنے کے لیے ریجرز اور پولیس کی ٹیمیں بھی موجود ہوں گی۔
پہلے مرحلہ میں رفاحی پلاٹوں پر قائم شادی ہال مسمار کئے جائیں گے۔
آپریشن کیلئے ڈپٹی کمشنر ویسٹ، رینجرز اور پولیس سمیت متعلقہ حکام کو مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب کے ڈی اے حکام کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر محکمہ انسداد تجاوزات نے گلشن اقبال، نیپا چورنگی، گلستان جوہر اور فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے رفاحی پلاٹس پر قائم 10سےزائد شادی ہالز سمیت دیگر غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا۔
کے ڈی اے کے دوہفتے سے زائد جاری آپریشن کے دوران 90 سے زائد شادی ہالز، غیرقانونی تعمیرات سمیت دیگر تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے رفاعی پلاٹس قبضہ کیس میں کے ایم سی اور ضلعی کارپوریشنز کو 2 ماہ میں شہر کے 35 ہزار پلاٹس سے قبضہ ختم کرانے کا حکم دے دیاتھا۔
سماعت کے دوران کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) افسران کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ میں شہر قائد میں 35 ہزار پلاٹوں کی چائنہ کٹنگ کا انکشاف ہوا تھا۔