20 دسمبر ، 2017
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے لیے ڈرافٹ شیڈول تیار کرلیا۔
حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر ڈیڈ لاک ختم ہونے کے بعد بل کل سینیٹ میں پیش کیا گیا جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے تیار کردہ ڈرافٹ شیڈول کے تحتہ حلقہ بندیوں کے نقشہ جات اور دیگر ڈیٹا 26 دسمبر سے 10 جنوری تک مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہناہےکہ 26 دسمبر سے 5 جنوری تک حلقہ بندی کمیٹیز کی تعیناتی کی جائے گی اور 15 جنوری سے 28 جنوری تک حلقہ بندیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 5 مارچ کو کی جائے گی، 5 مارچ سے 13 مارچ تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات دائر کیے جاسکیں گے جب کہ 5 مارچ سے 3 اپریل تک حلقہ بندیوں پر تجاویز بھی دی جاسکیں گی۔
دوسری جانب نئی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیوں کے لیے الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے چیف سیکریٹریز کا اجلاس 22 دسمبر کو طلب کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے لیے ابتدائی کام پہلے ہی مکمل کرچکا ہے اور اس اجلاس میں ان انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹریز کو حلقہ بندیوں کے لیے محکمہ ریونیو کے نقشے بھی ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے۔