Time 15 جنوری ، 2018
پاکستان

قصور میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 6 سالہ کائنات بتول کی ہنگامی سرجری

لاہور: دو ماہ قبل قصور میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 6 سالہ کائنات بتول کے دماغ میں پانی بھر جانے کے باعث لاہور کے چلڈرن اسپتال میں اس کی ہنگامی سرجری کی گئی۔ 

قصور میں ایک سال کے دوران زیادتی کا نشانہ بننے والی 12 میں سے واحد زندہ بچ جانے والی 6 سالہ کائنات بتول کی ہنگامی بنیاد پر سرجری کی گئی جس کے بعد ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کی حالت اب پہلے سے بہتر ہے۔

وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے جیو نیوز کو بتایا کہ کائنات کے دماغ میں پانی بھر جانے کے باعث اس کی طبیعت بگڑ گئی تھی، اس لئے ہنگامی طور پر اس کی سرجری کرنا پڑی ۔ 

خواجہ عمران کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف خود کائنات کے کیس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور اب 48 گھنٹوں بعد اس کی دوبارہ ایم آر آئی کی جائے گی۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 6 سالہ کائنات کو علاج کے سلسلے میں بیرون ملک بھجوانے کا فیصلہ کرنے کے لئے ڈاکٹروں کا بورڈ دوبارہ بیٹھے گا اور ڈاکٹروں کی ہدایات کی روشنی میں ہی بچی کو بیرون ملک بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ 

خیال رہے کہ 6 سالہ معصوم کائنات بتول کو کسی درندہ صفت شخص نے 12 نومبر کو گھر کے باہر سے اغواء کرلیا تھا جس کے تشدد سے وہ ذہنی اور جسمانی طور پر معذور ہوچکی ہے۔

پنجاب چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق گذشتہ برس 12 بچوں اور بچیوں کو اغواء کے بعد جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جن میں سے کچھ بچے زندہ ہیں اور کائنات بتول بھی ان میں سے ایک ہے۔

حال ہی میں 7 سالہ زینب کے قتل کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے جس کے بعد بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات اور اس کی روک تھام کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ 

واقعے کے خلاف قصور سمیت ملک بھر میں مظاہرے کیے گئے جس پر چیف جسٹس آف پاکستان نے بھی از خود نوٹس لیا۔

قصور میں 2015 سے متواتر بچوں سے زیادتی اور قتل کے واقعات سامنے آرہے ہیں، جب ایک منظم گروہ نے 300 سے زائد بچوں کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد ان کی تصاویر اور ویڈیوز بھی بنائی تھیں۔

مزید خبریں :