پاکستان
Time 20 جنوری ، 2018

سی پیک پر (ن) لیگ کی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے، بلاول بھٹو


حب: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سی پیک پر ن لیگ کی حکومت نے قبضہ کر لیا ہے، 2013 میں سی پیک معاہدے پر آصف علی زرداری نے دستخط کیے۔

بلوچستان کے ضلع حب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) سی پیک پر جھوٹا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے، سی پیک معاہدےپر دستخط زرداری اور چینی صدر کی موجودگی میں ایوان صدر میں ہوئے۔

بلاول نے کہا کہ سی پیک کا مغربی روٹ نظرانداز کرکے بلوچستان کو متاثر کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے نواز شریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے بلوچستان کو کالونی سے زیادہ اہمت نہیں دی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور میں بلوچستان میں بے پناہ ترقیاتی کام کروائے، یہ سارے تاریخی کام کرنے کے باوجود بلوچستان میں مسائل کا سامنا رہا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں بلوچستان پاکستان کا واحد صوبہ تھا جس کے پاس سرپلس بجٹ تھا، ملکی تاریخ میں بلوچستان کو اتنے وسائل نہیں ملے جتنے ہم نے قومی خزانے سے بلوچستان کو وسائل فراہم کیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک آمر نے بلوچستان میں نفرت کی آگ لگائی، 2008 میں ہمیں خون میں لت پت اور جلتا ہوا بلوچستان ملا لیکن ہم نے بلوچستان کے ماتھے سے خون صاف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان میں آپریشن بند کروائے اور آغاز حقوق بلوچستان کا جامع پروگرام شروع کیا، این ایف سی ایوارڈ پہلےصرف آبادی کے تحت دیا جاتا تھا، اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خودمختاری دی اور صوبے آج تک عبوری این ایف سی ایوارڈ پر چل رہے ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پشاورمیں اے پی ایس کے بچے بے دردی سے شہید کیے گئےعمران خان نے کیا کیا، ماڈل ٹاؤن میں بیگناہ شہریوں کو شہید کیا گیا شہباز شریف نے کیا کیا، کوئٹہ میں وکلا کی پوری نسل شہید کردی گئی تو وہاں کی حکومت نے کیا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا کسی میں اتنی اخلاقی جرات ہے کہ اپنی حکومت کو گھربھیجے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف ضلعوں میں دل کے اسپتال بنائے جہاں مفت علاج ہوتا ہے، چاہتا ہوں کہ ایسے اسپتال بلوچستان کے ہر ضلع میں قائم ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، ہم نے ہزاروں آر او فلٹر پلانٹس لگائے اور کے فور منصذوبے پر تیزی سے کام کر رہے ہیں، چاہتا ہوں کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں شروع کریں۔

مزید خبریں :