28 جنوری ، 2018
کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ کیرج کا افتتاح کردیا۔
شاہد خاقان عباسی آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کے نارتھ باؤنڈ کیرج کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ لیاری ایکسپریس منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، منصوبوں میں تاخیر کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے جس سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ منصوبہ مختلف مشکلات کا شکار رہا جس میں تکنیکی اور تجاوزات جیسی رکاوٹیں تھیں لیکن اس کے باوجود آج لیاری ایکسپریس وے منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'بدقسمتی ہے کہ کراچی کی عوام کو 10 سال انتظار کرنا پڑا'۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں کیوں کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت سندھ کام کر رہی ہے اور وفاقی حکومت بھی حصہ ڈال رہی ہے جب کہ گورنر محمد زبیر نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ منصوبہ 2002 میں شروع ہو کر 2004 میں 5.1 ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونا تھا لیکن 15 سال میں مکمل نہ ہوسکا اور اب یہ منصوبہ 23 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تکمیل کو پہنچا ہے۔