28 جنوری ، 2018
لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عدالتوں کے خود ساختہ ترجمان بن جاتے ہیں۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو کون بتاتا ہے کہ ایک ماہ بعد فیصلہ آنے والا ہے، انہيں ہمارا کوئی کام پسند نہيں آتا اور خود کوئی کام کرنا جانتے نہيں۔
سعد رفیق نے عمران خان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ پشاور اور کراچی کو لاہور جیسا بناکر دکھائيں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ن لیگ کو موقع دیا گیا تو جیسا لاہور کو بنایا ہے ویسا ہر شہر کو بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو کباڑ خانہ بنادیا گیاہے، کبھی کراچی آگے ہوا کرتا تھا لیکن آج لاہور کی مثالیں دی جاتی ہیں، لوگ دیکھ رہے ہیں کراچی کا امن بحال ہوگیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا جو ہورہا ہے اگر بتادیں تو باقی کیا بچے گا، کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں، چاہے وہ عدلیہ ہو یا کوئی اور۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دورِ حکومت میں ترقیاتی منصوبے بلا تفریق مکمل کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو کہتے ہیں سڑکیں، پل، میٹرو بس، اور اورنج لائن نہ بناؤ، ان لوگوں کو بتائیں جہاں انفرااسٹرکچر نہیں بنتے وہ ملک ترقی نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ لاہورکا جلسہ اسلیے ناکام ہوا کہ لوگوں کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا، نواز شریف اب وزیراعظم نہیں مگر وہ پہلے سے زیادہ مضبوط اور مقبول ہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے 4 سال میں مسلم لیگ ن پر حملے کیے گئے، مسلم لیگ ن پر کبھی ووٹ چوری تو کبھی کچھ اور الزام لگایا گیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دانشمند لوگوں کو چاہیے کہ وہ ہوش مندی سے معاملات کوٹھیک کریں۔