پاکستان
Time 04 فروری ، 2018

خیبرپختونخوا حکومت کا عمران خان کے 74 گھنٹے تک سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا اعتراف


اسلام آباد: خیبر پختونخوا حکومت نے عمران خان کے 74 گھنٹے تک سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کا اعتراف کرلیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے نہ صرف خود بلکہ ان کے سیاسی رفقاء بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتے رہے ہیں۔ 

ہیلی کاپٹر استعمال کرنے والوں میں ان کے ذاتی مشیر عون چوہدری، فیصل جاوید خان اور  ابرار الحق بھی شامل ہیں۔

ایوی ایشن قانون کے مطابق سیاسی رہنما کے سیاسی مقاصد کے لئے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال قانوناً جرم ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق وزراء کو بھی ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی لیکن وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک خود بھی ذاتی مقاصد کے لئے سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال کرتے رہے ہیں۔

پرویز خٹک قریبی دوست اور صوبائی وزیر مشتاق غنی کے عزیز کی شادی میں شرکت کے لئے ہیلی کاپٹر سے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے پشاور کا فضائی سفر انتہائی حساس ہے، اس سفر کے لئے متعلقہ اداروں سے سیکیورٹی کلیئرنس ضروری ہے۔

’سرکاری ہیلی کاپٹر ذاتی مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا‘

دوسری جانب عمران خان نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ انہوں نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر ذاتی مقصد کے لیے استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور مسلم لیگ نواز کے صدر نواز شریف بھی سرکاری جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کا غلط استعمال کرتے ہیں۔

عمران خان نے نیب کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے نیب زرداری اور نوازشریف کے معاملے کی بھی تحقیقات کرے گا۔

گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شاہ فرمان کا اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر کا ذاتی مقاصد کے لئے استعمال نہیں کیا، اگر انہوں نے کبھی سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کیا تو ان کے ہمراہ وزیراعلیٰ یا وزیر داخلہ ساتھ تھے۔

شاہ فرمان نے عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کو پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ عمران خان کو بدنام کرنے کے لئے یہ مسلم لیگ (ن) کے میڈیا سیل کی کارستانی ہے۔


مزید خبریں :