Time 04 فروری ، 2018
پاکستان

عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ میں یکسانیت ہے: برطانوی صحافی


ایک برطانوی جریدے کی جانب سے شائع کیے گئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کے انٹرویو اور ان کی شخصیت کے تجزیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرح اپنے بالوں کی فکر ہے اور ان پر ٹرمپ ہی کی طرح جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام بھی لگ چکا ہے۔

دی سنڈے ٹائمز کے صحافی بین جوڈاہ نے عمران خان کا کئی معاملات پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے موازنہ کیا اور لکھا کہ اگرچہ عمران خان صدر ٹرمپ کو شدید ناپسند کرتے ہیں مگر دونوں ایک دوسرے سے مشابہ ہیں۔

اخبار کے مطابق ٹرمپ ہی کی طرح عمران خان بھی بوڑھے ہیں مگر انہیں اپنے بالوں کی بہت فکر ہے اور ٹرمپ ہی کی طرح ان پر جنسی ہراس کا الزام بھی لگایا جا چکا ہے۔

انٹرویو نگار کے مطابق عائشہ گلالئی کے الزام کے حوالے سے جب عمران خان سے بات کی گئی تو وہ اپنے ہاتھ میں پکڑی تسبیح کے دانے اور تیزی سے گھمانے لگے اور انہوں نے کہا کہ 'عائشہ گلالئی نے ان پر الزام لگانے کے لیے پیسے لیے'۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 'ٹرمپ بہت بورنگ شخص ہیں، ان میں روحانیت بالکل نہیں ہے، جب کہ میں اگر روحانیت کی طرف راغب نہ ہوتا تو سیاست میں ہی نہ آتا'۔

پاکستان کا اگلا لیڈر

انٹرویو نگار بین جوڈاہ نے لکھا ہے کہ عمران خان جو ڈیلی مرر کے لیے مختصر لباس میں جلوہ گر ہو چکے ہیں، اب ایک ایسے شخص کے روپ میں سامنے آئے ہیں جنہیں طالبان پاکستان کا اگلا لیڈر بنانا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'لوگ مجھ پر ہنسا کرتے تھے لیکن مجھے ہمیشہ سے پتا تھا کہ میں جیت جاؤں گا'۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ سے نکل جانا چاہیے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ وہ پاکستان میں چائنا ماڈل لا کر غربت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ کیسے ہوگا تو وہ کچھ نہیں بتا سکے۔

اس معاملے پر تحریک انصاف کے نائب صدر اسد عمر سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اسٹریٹجی کے معاملات کا علم نہیں۔

عمران خان کا دعویٰ تھا کہ وہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ معروف آدمی ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ 'وہ بچپن میں خود کو بدصورت آدمی سمجھتے تھے لیکن کامیابی بدصورت آدمی کو بھی خوب صورت بنا دیتی ہے'۔

جیمز بانڈ سے مشابہ رہائش گاہ

اخبار کے مطابق اسلام آباد کے قریب ان کی قیام گاہ جیمز بونڈ کی فلموں کے ولن کی قیام گاہوں سے مشابہ ہے۔

والد سے تعلقات

اخبار کے مطابق عمران خان نے زمان پارک لاہور میں اپنے والد کا مکان مسمار کر دیا ہے، ان کے والد 2008 میں فوت ہوئے۔

عمران خان نے اپنے والد کو شوکت خانم اسپتال کے بورڈ سے بھی نکال دیا تھا۔

ان کے خاندان کے افراد نے اخبار کو بتایا کہ عمران خان اور ان کے والد کے درمیان بات چیت بند تھی۔

انہوں نے خود بھی کہا کہ ان کے اپنے والد سے تعلقات بہت رسمی سے تھی۔

تیسری شادی کا فیصلہ

اخبار کے مطابق اپنی پیرنی بشریٰ مانیکا سے شادی کے فیصلے نے عمران خان کے چاہنے والوں کو پریشان کر دیا ہے۔


مزید خبریں :