07 فروری ، 2018
خیبر پختون خوا کے ضلع مردان میں زیادتی کی کوشش کے دوران قتل کی گئی اسما کے قاتل کے قریبی دوست نے مقتولہ کے گھر پر حملہ کر دیا۔
جیو نیوز کے مطابق مردان کی ننھی اسماء کو زیادتی کی کوشش کے بعد قتل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم محمد نبی کے دوست نے مقتولہ کے گھر پر حملہ کردیا۔
گرفتار ملزم محمد نبی کا دوست چھری لے کر مقتول اسماء کے گھر پر پہنچا اور دروازے کو لاتیں مارنا شروع کر دیں، حملہ آور دروازہ توڑ کر گھر کے اندر داخل ہوا اور وہاں موجود خواتین کو ہراساں بھی کیا لیکن خواتین کے شور مچانے پر اہل محلہ نے اسے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا۔
حملہ آور کو پکڑنے کی کوشش میں ایک شخص زخمی بھی ہوا جب کہ اس کشمکش کے دوران حملہ کرنے والے شخص کو بھی زخم آئے۔
حملہ آور اسماء کے گھر والوں کو قتل کی دھمکیاں دینے کے ساتھ کہہ رہا تھا کہ میرے دوست کو گرفتار کیوں کروایا۔
اسماء کے گھر پر حملہ کرنے والے شخص کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور نا صرف ملزم کا دوست بلکہ قتل ہونے والی بچی اسماء کا رشتہ دار بھی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسماء کے والد اور دیگر اہل خانہ پشاور گئے ہوئے تھے جب کہ کے پی کے پولیس کی جانب سے اسماء کے گھر والوں کو کسی قسم کی سیکیورٹی فراہم نہیں کی گئی تھی۔
خیال رہے کہ آج ہی آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود اور آر پی او مردان نے پریس کانفرنس کے دوران اسماء کے قاتل کو گرفتار کر کے میڈیا کے سامنے پیش کیا تھا۔