پاکستان
Time 20 فروری ، 2018

پارلیمان پر لعنت بھیجنے والا ایوان میں نہیں ہونا چاہیے، مریم اورنگزیب


اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پارلیمان پر لعنت بھیجنے والوں کو ایوان میں نہیں ہونا چاہیے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو اقامے پر گھر بھیج دیا جائے اور منتخب وزیراعظم کو گاڈ فادر اور سسیلین مافیا کہا جائے تو یہ عوام کی رائے کی نفی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فیصلے پر تنقید ان کا اور نواز شریف کا حق ہے جب کہ یہ مسلم لیگ ن کا مقدمہ نہیں ہے اور ہمیں انفرادی سوچ سے باہر نکلنا ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور شیخ رشید کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والوں کو اس ایوان میں نہیں ہونا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام اداروں کوآئینی حدود میں رہنا چاہیے، قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے درست کہا کہ ہم سےغلطیاں ہوئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست دانوں پر بھینس چوری کے پرچے کٹے تو غلطی تب بھی ہوئی جب کہ بھٹو کی پھانسی پر مٹھائیاں بانٹی گئیں تب بھی غلطی ہوئی اور آمر کے آئین پر حلف لیا گیا غلطی تب بھی ہوئی لیکن کیا ان غلطیوں سے سیکھ کر آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم عدالت کا احترام کرتے ہیں کہ وہ آئین کی محافظ ہے لیکن عدالت کا احترام کیا کسی فقرے کے مرہون منت ہے۔