دنیا
Time 26 فروری ، 2018

چین: شی جن پنگ کو تیسری مرتبہ صدر بنانے کی کوشش

بیجنگ: چین کی حکمراں جماعت کمیونسٹ پارٹی نے آئین میں اس شق کو ختم کرنے کی تجویز دی ہے جس کے تحت ایک شخص مسلسل دو بار ہی پانچ پانچ برس کی مدت کے لیے صدر منتخب ہو سکتا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ ملک کے آئین میں اس تاثر کو ختم کر دینا چاہیے جس کے تحت عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور نائب صدر مسلسل تیسری بار صدر کے عہدے کے لیے منتخب نہیں ہو سکتے۔

اس تجویز کی منظوری کی صورت میں صدر شی جن پنگ اپنے صدارت اقتدار کے دو ادوار کے بعد بھی صدر رہ سکیں گے، ان کی صدارت کی پہلی مدت رواں برس ختم ہونے والی ہے، موجودہ نظام کے تحت صدر شی جن پنگ کی مدت صدارت 2023 کو ختم ہونا ہے۔

چین میں بڑی شدت سے قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ صدر شی جن پنگ اپنی صدارت کو 2023 کے بعد بھی توسیع دینا چاہتے ہیں جب کہ حکمراں جماعت کی گذشتہ برس منعقد ہونے والی کانگریس کے دوران صدر شی جن پنگ کو ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور رہنما کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

کمیونسٹ پارٹی کے اجلاس میں ان کی پالیسیوں کو ʼشی جن پنگ کے خیالات کے عنوان کے ساتھ پارٹی کے چارٹر میں شامل کیا گیا تھا اور روایت کے برعکس اجلاس کے اختتام پر صدر شی جن پنگ کے جانشین کا اعلان نہیں کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ بند دروازے میں ہونے والا یہ سربراہی اجلاس ہر پانچ سال بعد منعقد ہوتا ہے جو اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کمیونسٹ پارٹی کا اگلا حکمران کون ہوگا۔

1953 میں پیدا ہونے والے صدر شی جن پنگ نے 1974 میں کمیونسٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور پارٹی میں ترقی کرتے ہوئے 2013 میں اس کے صدر بن گئے تھے جب کہ صدر شی کے والد کو کمیونسٹ انقلاب کا ہیرو سمجھا جاتا ہے۔ 

صدر شی جن پنگ نے صدر بننے کے بعد اقتصادی اصلاحات متعارف کرائیں اور انسداد رشوت ستانی کی سخت ترین مہم شروع کی اور حقوق انسانی کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ ان پر اس مہم کو مخالفین کو راستے سے ہٹانے کے لیے استعمال کیے جانے کے الزام کا سامنا بھی رہا ہے۔

کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ ملک کے آئین میں اس تاثر کو ختم کر دینا چاہیے جس کے تحت عوامی جمہوریہ چین کے صدر اور نائب صدر مسلسل تیسری بار صدر کے عہدے کے لیے منتخب نہیں ہو سکتے، سینٹرل کمیٹی نے اس کے علاوہ مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں تاہم مکمل تجویز کو بعد میں جاری کیا جائے گا۔

نوٹ: یہ خبر 26 فروری کے روزنامہ جنگ میں شائع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :