Time 13 مئی ، 2024
دنیا

انڈونیشیا میں سیلاب اور ٹھنڈے لاوے نے تباہی مچا دی، 41 افراد ہلاک

آتش فشاں سے آنے والے مٹی کے تودوں نے اب تک 100 سے زائد گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے: انڈونیشین ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی/ فوٹو:بین القوامی میڈیا
 آتش فشاں سے آنے والے مٹی کے تودوں نے اب تک 100 سے زائد گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے: انڈونیشین ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی/ فوٹو:بین القوامی میڈیا

انڈونیشیا میں سیلاب اور ٹھنڈے لاوے نے تباہی مچا دی جس کے نتیجے میں 41 افراد جان سے گئے۔

بین الاقوامی نشریاتی ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلاب اور آتش فشاں کے ٹھنڈے لاوے نے 41 افراد کی جان لے لی۔ 

غیر ملکی میڈیا کا بتانا ہے شدید بارشوں کے باعث آنے والا سیلاب جزیرے سماٹرا  پر واقع پہاڑ  ماراپی سے نکلنے والے آتش فشاں کے ملبے کو بھی اپنے ساتھ بہا لایا جس سے بے پناہ تباہی ہوئی۔ 

پہاڑ  سے نکلنے والے آتش فشاں کے ملبے میں ریت،  اور  راکھ شامل ہوتی ہے جو سیلاب کے ساتھ بہہ کر ٹھنڈے لاوے کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ 

انڈونیشین ڈیزاسٹر رسپانس ایجنسی کے مطابق آتش فشاں سے آنے والے مٹی کے تودوں نے اب تک 100 سے زائد گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا ہے جب کہ  سیلاب سے 14 پل بھی متاثر ہوئے ہیں،  شدید بارشوں، سیلاب اور ٹھنڈے لاوے کے باعث بہت سے دیہات بھی بہہ گئے ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ماراپی پہاڑ کے ارد گرد موجود علاقہ پہلے بھی قدرتی آفات کا شکار  رہا ہے، 6 ماہ قبل بھی آتش فشاں پھٹنے اور سیلاب کی وجہ سے 23 افراد کی جان چلی گئی تھی۔ 

مزید خبریں :