13 مئی ، 2024
اڑنے والی گاڑیوں کو اب تک دنیا میں باضابطہ طور پر متعارف نہیں کرایا گیا بلکہ ان کی تیاری پر کام جاری ہے۔
مگر سعودی عرب کی جانب سے 2024 کے حج سیزن کے دوران اڑنے والی مسافر گاڑیوں یا فلائنگ ٹیکسیوں کی آزمائش کی جائے گی۔
اس بات کی تصدیق سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ صالح بن نصیر الجاسر کی جانب سے عرب میڈیا سے بات کرتے ہوئے کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ حج کے دوران اڑنے والی گاڑیوں کی آزمائش کی جائے گی۔
سعودی وزیر کے مطابق اس پروگرام کا مقصد حج عازمین کو مکہ مکرمہ کے سفر میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مقصد کے لیے سعودی حکومت اور وولو کاپٹر نامی کمپنی کے درمیان شراکت داری کی گئی ہے۔
جرمن کمپنی وولو کاپٹر کی عمودی ٹیک آف اور لینڈ کرنے والی گاڑیاں جدہ کے کنگ عبد العزیز ائیر پورٹ سے عازمین کو مکہ مکرمہ کے ہوٹلوں تک پہنچانے کا کام کریں گی۔
اس کے ساتھ ساتھ یہ اڑنے والی گاڑیاں ایمرجنسی ریسپانس وہیکلز کے طور پر بھی کام کریں گی۔
ائیر ٹیکسیاں روایتی ہیلی کاپٹرز سے مختلف ہوتی ہیں اور انہیں اخراجات میں کمی لانا والا بہترین حل قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ اڑنے والی گاڑیاں اپنی آزمائشی پروازیں شمال مغرب میں واقع سعودی منصوبے نیوم میں مکمل کریں گی۔
سعودی وزیر کی جانب سے اس منصوبے کی تصدیق کی گئی ہے مگر یہ واضح نہیں کہ اس سال کتنے عازمین حج کو ان گاڑیوں کی آزمائشی پروازوں میں سفر کرنے کا موقع ملے گا۔
البتہ یہ رپورٹ بھی سامنے آئی ہے کہ حکام کی جانب سے لگ بھگ 100 Lilium ائیر کرافٹ بھی خریدیں جائیں گے جو کہ ائیر ٹیکسیوں کے طور پر استعمال کیے جائیں گے۔
یہ ماحول دوست سواریاں حج آپریشنز کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کی جائیں گی۔
فی الحال دیگر شعبوں میں ان کے استعمال کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔