عائشہ خان نے شوبز انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرلی

پاکستان کی خوبرو اداکارہ عائشہ خان نے میڈیا انڈسٹری کو خیرباد کہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب وہ شوبز میں مزید کام نہیں کریں گی۔

عائشہ خان پاکستان کی وہ اداکارہ ہیں، جنہوں نے اپنے مخصوص انداز و اداکاری سے تمام مداحوں کا دل جیتا ہے اور اب ان کے میڈیا چھوڑنے کے فیصلے پر ان کے مداحوں سمیت ڈرامہ انڈسٹری کے دوست بھی افسردہ ہیں۔

عائشہ خان نے 18 برس قبل یعنی 2000 میں پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں قدم رکھا اور کئی کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے جن میں مہندی، وصل، خدا زمین سے گیا نہیں ہے، پارسا، خدا میرا بھی ہے، من مائل، وہ ایک پل اور دیگر شامل ہیں۔

ڈرامہ پروجیکٹس کے علاوہ عائشہ خان نے بڑی اسکرین کے لیے بھی کام کیا اور فلم ’وار‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی‘ میں بھی جلوہ گر ہوئیں۔

اداکارہ نے 18 سال کے کامیاب میڈیا کیریئر کے بعد میڈیا انڈسٹری کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔

عائشہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ شیئر کی اور لکھا کہ وہ بہت شکرگزار ہیں کہ  مداحوں سمیت ان کے تمام ساتھیوں نے ان کو بے حد عزت دی اور ان کے کام کو سراہا۔

انہوں نے بتایا کہ  ان کی ہمیشہ کوشش رہی کہ وہ اپنی پروفیشل اور ذاتی زندگی کو علیحدہ رکھیں اور وہ امید کرتی ہیں کپ سب ان کے فیصلے کا احترام کریں گے اور  سمجھنے کی کوشش کریں گے ۔


عائشہ خان نے مزید بتایا کہ وہ 2016 سے مخصوص پروجیکٹس پر کام کر رہیں تھیں اور ان میں بھی وہ کچھ اصول و ضوابط رکھنا پسند کرتی تھیں جس کے بارے میں ان کے قریبی دوست آگاہ تھے، لیکن اب انہوں نے میڈیا سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ساتھ ہی اپنے اس فیصلے پر انہوں نے سب سے معذرت کرتے ہوئے گزارش کی کہ انہیں اور ان کے والدین کو ہمیشہ دعاؤں میں یاد رکھا جائے۔

مزید خبریں :