Time 06 مارچ ، 2018
کھیل

کراچی میں پی ایس ایل فائنل کے لئے ٹکٹوں کی تفصیلات جاری


کراچی: پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے ٹکٹوں کی پرائس لسٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق شائقین کرکٹ کو ایک ہزار روپے سے 12 ہزار روپے تک ٹکٹ دستیاب ہوگا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں بھرپور انداز میں کی جارہی ہیں وہیں فائنل کے لئے شائقین کو ٹکٹ 15 مارچ کے بعد دستیاب ہوں گے۔

پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر ملنے والے 10 فیصد ٹکٹس آن لائن دستیاب ہوں گے جب کہ 90 فیصد ٹکٹس پی سی بی کی جانب سے مقرر کردہ نجی کمپنیوں کی دکانوں میں دستیاب ہوں گے۔ 

فائنل ٹاکرے کا سب سے کم ٹکٹ جنرل انکلوژر کا ہوگا جس کی قیمت ایک ہزار روپے رکھی گئی ہے اور وہاں 15 ہزار 75 افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہے۔

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

آصف اقبال، وقار حسن اور ماجد خان انکلوژر کے لئے فی ٹکٹ 4 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا اور ان انکلوژر میں 6 ہزار 323 تماشائی بیٹھ سکیں گے اور ان انکلوژر کو فرسٹ کلاس کا نام دیا گیا ہے۔

 اسپیشل چلڈرن، قائد انکلوژر، وسیم اکرم، عمران خان اور ظہیر عباس انکلوژر کے ٹکٹ کی قیمت 8 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ ان انکلوژر میں 6 ہزار 265 افراد کے بیٹھنے کی جگہ ہے جسے پریمیئم درجہ دیا گیا ہے۔

سب سے مہنگا ٹکٹ حنیف محمد، فضل محمود اور جاوید میانداد انکلوژر کا ہے جس کی قیمت 12 ہزار روپے ہے اور ان انکلوژر کو وی آئی پی کا درجہ دیا گیا ہے جہاں 4 ہزار 380 تماشائی بیٹھیں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کے 3 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے جن میں سے 2 میچز لاہور اور فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔

مزید خبریں :