نوازشریف اور عمران خان پر جوتا پھینکنے کے مقدمات درج

سابق وزیراعظم نوازشریف اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر جوتا پھینکنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف پر گزشتہ روز لاہور میں جوتا پھینکا گیا جب کہ عمران خان پر فیصل آباد میں جوتے سے حملہ کیا گیا۔

جیونیوز کےمطابق نوازشریف پر جوتا پھینکنے والے ملزمان کے خلاف تھانہ قلعہ گوجر سنگھ میں اے ایس آئی اکبر کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں ملزمان منور ،عبدالغفور اور محمد ساجد نامزد کیا گیا ہے۔

مقدمے میں 16 ایم پی او، 506 اور 355کی دفعات شامل کی گئی ہیں جب کہ اس کے متن میں کہا گیا ہےکہ ملزمان نے نوازشریف کی شہرت خراب کرنے کے لیے حملہ کیا، نوازشریف کو جوتا کندھے اور سینے پر لگا۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو آج مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، تینوں ملزمان صحت مند ہیں جس کے بعد اُن سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مرکزی ملزم منور 4 سال پہلے جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہوا تھا جب کہ عبدالغفور اور ساجد اُس کے سہولت کار تھے۔

بعد ازاں پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جہاں سے ان کو عدالتی حکم پر 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔

عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج

دوسری جانب فیصل آباد میں عمران خان پر حملے کی کوشش کرنے والے ملزم مرزا رمضان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔

پولیس کے مطابق ملزم مرزا رمضان کے خلاف تھانہ سرگودھا روڑ میں مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم سے تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز فیصل آباد میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ممبر سازی کیمپوں کا دورہ کررہے تھےاس دوران عمران خان ملت چوک کے قریب پہنچے اور کارکنوں سے خطاب کے لیے گاڑی کا دروزہ کھولا تو ملزم مرزا رمضان ان کی طرف بڑھا، کارکنوں نے اس شخص کو پکڑ پولیس کے حوالے کردیا تھا۔

مزید خبریں :