زرداری عمران بھائی بھائی اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور عمران خان بھائی بھائی ہیں اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

نواز شریف کا ننکانہ صاحب کی تحصیل سانگلہ ہل میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں سانگلہ پہلے بھی کئی بار آ چکا ہوں لیکن اس طرح کا سانگلہ میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، آج سانگلہ ہل والوں نے نواز شریف کے بنانیے کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہم کام کرنے والے لوگ ہیں، لوڈ شیڈنگ بھگائی ہے، سی پیک لے کر آئے ہیں، موٹر ویز بنائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری اور عمران خان بھائی بھائی اور ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، یہ روایتی سیاست کرنے والے لوگ ہیں جو نئے پاکستان کے نام پر عوام کو دھوکا دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والوں نے نواز شریف کے خوف سے ایک دوسرے سے ہاتھ ملا لیا، سب نے دیکھا کہ سینیٹ کے الیکشن میں تحریک انصاف کے اراکین نے تیر کے نشان پر ووٹ ڈالے۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو مہرے ہوتے ہیں کیا وہ بھی عوام کے ساتھ مخلص ہوتے ہیں، یہ لوگ عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکتے۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سانگلہ ہل والوں نے نواز شریف سے اپنی محبت کا حق ادا کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری اور عمران خان ایک دوسرے کو برا بھلا، چور اور ڈاکو کہتے تھے لیکن اندر سے یہ لوگ ملے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں منڈیاں لگیں جہاں ووٹ خریدے اور بیچے گئے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں نواز شریف کو شکست نہیں ہوئی بلکہ نواز شریف کو ہرانےکی کوشش کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے کیونکہ سازشی مہروں اور کٹھ پتلیوں نے الیکشن سے قبل عوام کا فیصلہ آسان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کیخلاف جس قسم کا فیصلہ سنایا گیا اس کی مثال پاکستان تو کیا پوری دنیا میں نہیں ملتی، نوازشریف کو سزا پہلے سنا دی گئی اور مقدمہ بعد میں چلا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ عدالتی تاریخ کا پہلا مقدمہ ہےجس میں سزا اس الزام پر سنائی گئی جو درخواست گزار نے لگایا ہی نہیں، باتیں ہوتی رہیں اربوں کھربوں کی کرپشن کی لیکن معاملات ذاتی کاروبار کے کھنگالےجا رہے ہیں، اس کے باوجود نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی کرپشن نا ثابت ہوئی اور نا ہو سکے گی۔

مزید خبریں :