صدر اور وزیراعظم کا ملکی ترقی و استحکام کیلئے جمہوریت کے فروغ پر زور

اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں بزرگوں کے نقش قدم پر چلنے کے عہد کی تجدید کے ساتھ ساتھ بحیثیت قوم کامیابیوں کے ساتھ اپنی کوتاہیوں کا بھی جائزہ لینے کی تلقین کی ہے۔

واضح رہے کہ  ملک کو مضبوط تر بنانے کے عزم کے ساتھ 78 واں یوم پاکستان آج روایتی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے اور جمہوری روایات سے ہی رواداری، ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ ملے گا۔

صدر مملکت نے اس موقع پر قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال اور قائدین تحریک آزادی کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے علیحدہ پیغام میں کہا کہ پاکستان جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی وخوشحالی کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان 78 سال پہلے کے عظیم دن کی یاد دلاتا ہے، 23 مارچ 1940 کو مسلمانوں نے الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا تھا اور آج ہم 23 مارچ 1940 کو یوم پاکستان کے طور پر منا رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے اپنے مستقبل کی فکر کرنا ہوگی اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہوگا۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئینی و قانونی بالا دستی کے بغیر ہم آبرومند نہیں ہوسکتے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج اقبال اور قائد کے افکار کو مشعلِ راہ بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔


مزید خبریں :