راولپنڈی: احاطہ عدالت میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے لیا: اسکرین گریب جیونیوز

راولپنڈی: جوڈیشل کمپلیکس میں واقع عدالتی کچہری میں فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

جیونیوز کے مطابق راولپنڈی کے جوڈیشل کمپلیکس میں واقع عدالتی کچہری میں قتل کے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا جہاں گواہی کا سلسلہ جاری تھا کہ اس دوران ایک گواہ نے فائرنگ کردی جس سے پیشی پر آئے قتل کے 2 ملزمان موقع پر جاں بحق اور 4 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے 2 ملزمان احسن شیرازی اور مطیع اللہ رحیم کوپیشی پرلایا گیا تھا کہ اس دوران کچہری احاطے میں گھات لگائے شخص عبدالستارخان نے ملزمان پرفائرنگ کی جس کے بعد ملزمان کے لواحقین نےعبدالستارخان پرجوابی فائر کئے جس سے فائرگ کرنے والا عبدالستار خان موقع پر ہی مارا گیا۔

پولیس ذرائع کا کہناہےکہ فائرنگ سے 2 افراد شدید زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

سی پی او راولپنڈی کے مطابق واقعے میں 2 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا جب کہ فائرنگ کرنے والا ستار نامی شخص خود بھی مارا گیا ہے۔

سی پی او کا کہنا ہےکہ کچہری کی حدود میں اسلحہ کیسے پہنچا اس کی تفتیش جاری ہے، فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب عارف نواز نے راولپنڈی کچہری میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت دے دی جس کی روشنی میں سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار سید علی کی سربراہی میں 3 رکنی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی۔

مزید خبریں :