شفقت امانت علی کا لندن میں شاندار کانسرٹ، مداح جھوم اٹھے


لندن: پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے تقریباً 5 سال بعد لندن میں منعقدہ میوزک کانسرٹ میں لائیو پرفارمنس دی اور مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔

لندن کے علاقے لیسسٹر میں ڈی مونٹفورٹ ہال اور انڈیگو ایٹ دی 02 میں شفقت امانت علی کا شاندار میوزک کانسرٹ ہوا۔

انہوں نے اپنے پورے راک بینڈ کے ساتھ مسلسل 2 گھنٹے تک پرفارم کیا، جس پر مداحوں نے خوب داد دی اور ان کے ساتھ ہم آواز ہوکر گاتے رہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت امانت علی نے بتایا، ’میں نے تقریباً 5 سال بعد لندن میں لائیو پرفارمنس دی، جس پر مداحوں کی سپورٹ نے مجھے حیران کردیا اور مجھ میں مزید توانائی بھر دی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ لیسسٹر میں مداحوں کا ہجوم قابل دید تھا کیونکہ لائیو میوزک  ہی سب کچھ ہے جس کا ردعمل براہ راست ملتا ہے۔

شفقت امانت علی نے لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات لیبر لیڈر جیرمی کوربین سے بھی ہوئی۔

گلوکار اپریل کے پہلے ہفتہ میں لندن کے مشہور نیچرل ہسٹڑی میوزیم میں کانسرٹ کریں گے۔

واضح رہے کہ شفقت امانت علی، معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بعد پاکستان کے دوسرے گلوکار ہیں جو اس میوزیم میں پرفارم کریں گے۔

پاکستان میں میوزک کانسرٹس کے انعقاد کے حوالے سے شفقت امانت علی کا کہنا تھا کہ 'ملک میں حالات ایسے ہوگئے تھے کہ لائیو میوزک ختم ہوچکا تھا لیکن اب حالات میں تبدیلی آگئی ہے اور ایک بار پھر کانسرٹس کا دور شروع ہوگیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'انہیں ایسے حالات کا سامنا بھی کرنا پڑا جب میوزک البم فروخت کرنے پر دھمکیاں موصول ہوتی تھیں لیکن اب ڈراموں اور فلموں کے لیے میوزک البمز خریدی جا رہی ہیں'۔

خیال رہے کہ شفقت امانت علی پاکستان سمیت بھارت میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔

مزید خبریں :