05 اپریل ، 2018
دنیا کی سب سے مقبول ویڈیو ’ڈیس پاسیٹو‘ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔
’ڈیس پاسیٹو‘ کی ویڈیو کو یو ٹیوب پر اب تک 13 ماہ میں 5 ارب بار دیکھا جاچکا ہے۔
واضح رہے کہ اسی گانے نے یو ٹیوب پر پہلی بار 3 ارب اور 4 سو کروڑ ’ہٹس‘ کا ریکارڈ بھی بنایا تھا۔
12 جنوری 2017 کو ’اَپ لوڈ‘ ہونے والا یہ گانا 428 دن میں روزانہ اوسطاً ایک کروڑ 16 لاکھ بار دیکھا گیا ہے۔
ہسپانوی زبان کے اس گانے کو ’پورٹی ریکو‘ کے راک اسٹارز ’لوئی فونسی‘ اور ’ڈیڈی یانکی‘ نے گایا ہے۔
یو ٹیوب پر موجود دوسرے نمبر کی ویڈیو، فلم ’فاسٹ اینڈ فیوریس7‘ کے گانے ’سی یو اگین‘ کی ہے۔
اپریل 2015 میں اپ لوڈ ہونے والی اس ویڈیو کو 1070 دن میں اب تک 3 ارب 48 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے یعنی اس ویڈیو کو روزانہ اوسطاً 32 لاکھ بار دیکھا جاتا ہے۔
دنیا کی تیسری مقبول ویڈیو ’ایڈ شیران‘ کی ’شیپ آف یو‘ ہے، جو 13 ماہ قبل ریلیز ہوئی جسے اب تک 3 ارب 41 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
جنوبی کوریا کے سنگر ’سائی‘ کا مشہور زمانہ ’گگنم اسٹائل‘ چوتھے نمبر پر ہے جسے 2089 دنوں یعنی پونے 6 سال میں تقریباً 3 ارب 13 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
ہالی وڈ کا یو ٹیوب پر سب سے مقبول فلمی ٹریلر ’ایوینجرز انفنٹی وار‘ کا ہے، اس ویڈیو کو اب تک 16 کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔
بالی وڈ کی بات ہو تو سب سے مقبول ویڈیو اب بھی ناکام فلم ’بے فکرے‘ کے کامیاب گانے ’نشے سی چڑھ گئی‘ کی ہے، جسے اب تک 40 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔
سب سے مقبول فلمی ٹریلر ’باہو بلی 2‘ کا ہے جسے اب تک ساڑھے 8 کروڑ ہٹس مل چکے ہیں۔
سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ کے ٹریلر کو 8 کروڑ بار دیکھا گیا ہے اور اسی فلم کے گیت ’سواگ سے سواگت‘ کو 38 کروڑ بار دیکھا گیا ہے اور جلد ہی یہ بالی وڈ کا سب سے مقبول ٹریلر اور ویڈیو بن جائے گی۔
پاکستان کی شان راحت فتح علی خان کا ویڈیو سانگ ’بچھڑنا بھی ضروری تھا‘ اب تک تین سالوں میں 36 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے، جب کہ راحت کا مومنہ مستحسن کے ساتھ گایا گیا گانا ’آفرین آفرین‘ بھی 14کروڑ ہٹس لے چکا ہے۔
پاکستانی فلموں کے ٹریلر کی بات ہو تو سب سے آگے غالباً ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ ہے، اس فلم کے ٹریلر کو اب تک 54 لاکھ ہٹس ملے جب کہ دوسرے نمبر پر حیرت انگیز طور پر ہارر فلم ’پری‘ ہے جس کے ٹریلر کو اب تک 44 لاکھ ہٹس ملے ہیں۔
فلمی گانوں میں سب سے آگے 'پنجاب نہیں جاؤں گی' کا ’24 سیون‘ ہے، جس کی ویڈیو کو 55 لاکھ ہٹس ملے۔
دوسری جانب ڈراموں کے ساؤنڈ ٹریکس کی بات ہو تو سب سے آگے ڈرامہ سیریل ’خانی‘ کا ساؤنڈ ٹریک ہے، جسے آفیشل اَپ لوڈ سے اب تک تقریباً 2 کروڑ بار دیکھا جاچکا ہے۔