Time 05 اپریل ، 2018
کھیل

کامن ویلتھ گیمز 2018 میں پاکستان نے پہلا تمغہ جیت لیا

طلحہ بٹ نے  اسنیچ کیٹیگری میں 132 کلو وزن اٹھا کر نیا ریکارڈ بھی بنا ڈالا۔ فوٹو: بشکریہ کامن ویلتھ گیمز

آسٹریلیا میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی پہلوان طلحہ بٹ نے ملک کے لیے پہلا تمغہ جیت لیا ہے۔

آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے ویٹ لفٹنگ کے 62 کلو کیٹگری کے مقابلے میں طلحہ طالب بٹ نے پاکستان کو پہلا تمغہ دلایا۔

طلحہ طالب نے 62 کلو گرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا اور اسنیچ کیٹیگری میں 132 کلو وزن اٹھا کر نیا ریکارڈ بھی بنا دیا اور پھر مجموعی طور پر 283 کلو گرام وزن اٹھا کر کانسی کا تمغہ جیت لیا۔

ویٹ لفٹنگ کے مقابلے میں سونے کا تمغہ ملائیشیا اور چاندی کا تمغہ پاپوا نیوگنی کے نام رہا۔

پاکستانی باکسر گل زیب کا بھی فاتحانہ آغاز

پاکستانی باکسر گل زیب فائٹ میں فتح کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ کامن ویلتھ گیمز

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی باکسر گل زیب نے بھی اپنی پہلی فائٹ جیت لی ہے۔

پاکستان کے گل زیب نے شاندار آغاز کرتے ہوئے حریف باکسر لی پاؤلین پر خوب مکے برسائے اور دلچسپ مقابلے میں پوائنٹس کی بنیاد پر کامیابی اپنے نام کر لی۔

گل زیب کی اگلی فائٹ شمالی آئرلینڈ کے باکسر کے ساتھ 7 اپریل کو ہو گی۔

پاکستان ہاکی ٹیم کا پہلا میچ برابر

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم اپنی مہم کا آغاز کامیابی کے ساتھ نہ کر سکی۔

گرین شرٹس کا ویلز کے ساتھ میچ ایک ایک گول سے برابر رہا، پہلے دو کواٹرز میں تو کوئی ٹیم گول نہ بنا سکی۔

تیسرے کوارٹر میں ویلز کی جانب نے گول کر کے برتری حاصل کر لی لیکن کچھ ہی منٹ بعد پنالٹی کارنر پر علی مبشر نے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

چوتھے کواٹر میں کوئی ٹیم مزید گول نہ کر سکی اور میچ ایک ایک گول سے برابری پر ختم ہو گیا۔

پاکستان ٹیم ایونٹ میں دوسرا میچ ہفتے کو روایتی حریف بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

مزید خبریں :