18 اپریل ، 2018
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی برطانیہ آمد پر لندن میں مقبوضہ کشمیر میں قابض افواج کے مظالم اور ننھی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
دولت مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے برطانیہ پہنچنے پر لندن کی ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
لندن میں پارلیمنٹ کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی اور مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف اور زیادتی کے بعد قتل ہونے والی 8 سالہ بچی آصفہ کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے شدید نعرے بازی کی۔
احتجاجی مظاہرہ برطانیہ کی سکھ برادری اور کشمیری کمیونٹی کی جانب سے کیا گیا جس کے دوران شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ہی بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے علاقے شوپیاں میں 17 سے زائد نوجوانوں کو شہید کیا تھا جس کے بعد وادی میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔
دوسری جانب رواں برس جنوری میں مقبوضہ کشمیر میں ایک 8 سالہ ننھی آصفہ کا زیادتی کے بعد لرزہ خیز قتل مسلمانوں سےعلاقہ خالی کرانے کی کوشش نکلا تھا۔