پاکستان
Time 21 اپریل ، 2018

چیف جسٹس نے شہبازشریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا

چیف جسٹس نےسپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کی: فوٹو/ فائل

لاہور: چیف جسٹس نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے سابق پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مختلف کیسز کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے تعیناتی کا نوٹس لیتے ہوئے توقیر شاہ کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

چیف جسٹس نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو آئندہ سماعت پر توقیر شاہ کی بطور ممبر ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن تعیناتی کا ریکارڈ جمع کرانےکا حکم دیا ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے خواجہ سلمان رفیق سےمکالمہ کیا کہ خواجہ سلمان صاحب نوٹس لینے پر آپ کارنگ کیوں اڑ گیا۔

چیف جسٹس نےریمارکس دیئے کہ ہمیں کہتے ہیں ہم مداخلت کررہے ہیں، دیکهتے ہیں اس تقرری کا طریقہ کار کتنا شفاف ہے۔

چیف جسٹس نے چیف سیکریٹری پنجاب سے استفسار کیا کہ ویسے یہ بتائیں جنیوا کہاں پرہے۔ اس پر چیف سیکریٹری نے کہا کہ جنیوا سوئٹزرلینڈ میں ہے اور اچها ملک ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ سوئٹزرلینڈ وہی ملک ہے نا جہاں لوگ اپنا پیسہ اکٹھا کرتے ہیں۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ جی آپ بالکل درست کہہ رہے ہیں، اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تو بلائیں پھر ڈاکٹر توقیر شاہ کو، انہوں نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کےبڑے مزے لوٹے ہیں۔

چیف جسٹس نے سوال کیا کہ موجودہ پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیراعلی کون ہے؟

اس پر چیف سیکریٹری نے جواب دیا کہ امداد بوسال وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری اور بہت شریف النفس ہیں۔

مزید خبریں :