میشا شفیع-علی ظفر تنازع پر نادیہ حسین اور ریشم کی متضاد رائے

 اداکارہ ریشم اور ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین—.فائل فوٹو

معروف گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیے جانے کے بعد مختلف شوبز اسٹارز کی جانب سے بھی بیانات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں حمایت و تنقید کے دونوں پہلو نظر آرہے ہیں۔

جیو نیو کے پروگرام 'کیپیٹل ٹاک' میں بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ ریشم اور ماڈل نادیہ حسین نے بھی اس تنازع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

نادیہ حسین نے میشا شفیع کی حمایت میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک سمجھدار خاتون ہیں اور وہ بغیر ثبوت ایسی بات نہیں کرسکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے کیسز میں متاثرہ شخص کی کردار کشی کے بجائے اسے اپنی بات ثابت کرنے کا موقع دینا چاہیے۔

دوسری جانب اداکارہ ریشم کا کہنا تھا کہ گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین مردوں کو شٹ اَپ کال دینا جانتی ہیں اور انہیں یہ پتہ ہوتا ہے کہ کسی مرد کو کس حد تک رکھنا ہے۔

ریشم نے کہا، ہم جس دور میں سانس لے رہے ہیں کیا اس دور میں ممکن ہے کہ علی ظفر کسی کو ہراساں کریں اور آگے سے وہ عورت ان کو تھپڑ، جوتی نہ مارے یا ان کی بیوی سے جاکر شکایت نہ کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اداکاراؤں کا کام اسکرین پر سچ کو جھوٹ کرکے پیش کرنا ہوتا ہے، لوگوں کو انٹرٹین کرنا ہوتا، ہم روز مردوں کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں، ایسا کبھی نہیں ہوتا۔

ریشم نے مزید کہا کہ وہ علی ظفر کو 20 سال سے جانتی ہیں، وہ بہت عزت دینے والے شخص ہیں۔

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ میشا نے اسی وقت رد عمل نہ دیا ہو۔

میشا شفیع اور علی ظفر تنازع:

یاد رہے کہ کچھ روز قبل میشا شفیع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں علی ظفر پر ایک سے زائد مرتبہ جنسی ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا تھا جس کی علی ظفر نے تردید کردی تھی۔

بعدازاں علی ظفر نے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کا الزام لگانے پر گلوکارہ میشا شفیع سے قانونی نوٹس میں معافی کا مطالبہ کیا۔

قانونی نوٹس میں گلوکار کا کہنا تھا کہ میشا شفیع نے ان پر بےبنیاد الزامات عائد کیے اور ہراساں کرنےکاجھوٹا دعویٰ کیا۔

علی ظفر کا مزید کہنا تھا کہ میشا شفیع دو ہفتوں میں معافی مانگیں ورنہ100 کروڑ روپے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔

دوسری جانب میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراساں کیے جانے کے الزامات سے متعلق کیس کے لیے بیرسٹر احمد پنسوٹا اور نگہت داد کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

میشا شفیع کے وکیل بیرسٹر احمد پنسوٹا نے گذشتہ روز کہا تھا کہ میشا شفیع نے بہت سوچ سمجھ کر بیان جاری کیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میشا شفیع کے پاس جنسی طور پر ہراساں کے جانے کے ثبوت موجود ہیں، اگر ثبوت نہ ہوتے تو وہ علی ظفر پر الزام ہی نہ لگاتیں۔


مزید خبریں :