کراچی کے کئی علاقوں میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب، شہریوں کو شدید مشکلات

شہر کے کئی علاقوں میں سحری کے اوقات میں بھی بجلی غائب رہی۔ فوٹو:فائل

کراچی: شہر قائد میں بجلی فراہم کرنے والے ادارے 'کے الیکٹرک' کے دعوے کے باوجود شہر میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ 

ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے کہا گیا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی مرمت 20 مئی تک مکمل ہو جائے گی جس کے بعد بجلی کی فراہمی میں بہتری آنے کی امید ہے۔

بیس مئی بھی آگئی لیکن شہریوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی نہ ہوسکی، شہر کے مختلف علاقوں شیر شاہ، بلوچ پاڑہ، نارتھ کراچی، کورنگی پی اینڈ ٹی کالونی اور گلستان جوہر بلاک 13 میں سحری کے اوقات میں بجلی غائب رہی جس کے باعث شہریوں نے اندھیرے میں سحری کی۔

 بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش کے باعث شہر میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے، پانی نہ ہونے کے خلاف نارتھ ناظم آباد، ڈی سی آفس کے باہر شہریوں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کئی بار اس بات کا اظہار کرچکے ہیں کہ بن قاسم پاور پلانٹ میں تکینیکی خرابی کے باعث لوڈ مینجمنٹ ہورہی ہے جب کہ ہالینڈ سے پرزہ منگوالیا ہے جسے 20 مئی تک لگا دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ کی خرابی کے سبب کے الیکٹرک کو 600 سے 700 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :