25 اپریل ، 2024
اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہےکہ تمام پارلیمانی جماعتوں کو عددی اکثریت کے تناسب سے قائمہ کمیٹیوں کی صدارت ملے گی ۔
اسپیکرقومی اسمبلی کی زیرصدارت قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق تمام پارلیمانی جماعتوں کو عددی اکثریت کے تناسب سےکمیٹیوں کی صدارت دینےکا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ مسلم لیگ ن کو 13 اور آئی پی پی کو ایک کمیٹی کی صدارت دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کو 8 اور سنی اتحاد کونسل کو بھی 8 کمیٹیوں کی صدارت دینےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چھوٹی پارلیمانی جماعتوں کو کم تعداد کے باعث کمیٹیوں کی سربراہی نہیں ملےگی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن کو دی جائےگی، اپوزیشن کی طرف نام آنے کے بعد حتمی فیصلہ اسپیکر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق تمام کمیٹیوں کے حتمی فیصلے ایک ہفتے میں کیے جائیں گے۔