سپریم کورٹ سے اجازت ملنے کے بعد نواز شریف، مریم نواز کا لندن جانے کا امکان

نوازشریف اور مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی تک وطن پہنچ جائیں گے—فائل فوٹو۔

لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف اور مسلم لیگ نواز کی رہنما مریم نواز کا پانچ روز کے لیے لندن جانے کا امکان ہے۔

ذرائع شریف فیملی نے جیو نیوز کو بتایا کہ نوازشریف اور مریم نواز عید کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی تک وطن پہنچ جائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ کلثوم نواز کا ہارلے اسٹریٹ کلینک میں باقاعدگی سے علاج جاری ہے۔

خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اتوار کے روز دوران سماعت نواز شریف اور مریم نواز کو بیگم کلثوم کی عیادت کے لیے لندن جانے کی اجازت دے دی تھی۔

سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے خلاف دائر تینوں ریفرنس کا فیصلہ ایک ماہ میں سنانے کا حکم بھی دیا تھا۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے خواجہ حارث کو کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم کی عیادت کے لیے جانا چاہتے ہیں تو جاسکتے ہیں۔

ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ 'آپ زبانی درخواست کریں ہم اجازت دیں گے'۔

مزید خبریں :