24 جون ، 2018
لندن: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب ہم ڈاکٹروں سے والدہ کلثوم نواز کی طبیعت کا پوچھتے ہیں تو وہ واضح جواب نہیں دیتے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں بیگم کلثوم نواز کی عیادت کے لیے پہنچے تو اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ابھی والدہ ہوش میں نہیں ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ میں نے امی کو آواز دی تو انہوں نے کچھ ردعمل کا اظہار کیا، مجھے لگتا ہے والدہ ہماری باتیں سن رہی ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وینٹی لیشن کم کرنے پر والدہ ردعمل ظاہر کرتی ہیں اور پھر کچھ نہ کچھ ایسا ہوجاتا ہے کہ وینٹی لیشن کا لیول بڑھانا پڑتا ہے۔
مریم نواز کے مطابق ایک دو مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ انہوں نے والدہ کو آواز دی تو انہوں نے کچھ حرکت کی تاہم ڈاکٹروں سے جب ان کی طبیعت کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ واضح جواب نہیں دیتے۔
یاد رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز لندن کے ہارلے اسٹریٹ کلینک میں گزشتہ کئی ماہ سے زیرعلاج ہیں۔
ہارلے اسٹریٹ کلینک کے باہر سابق وزیراعظم نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔
حسین نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر والدہ کے علاج کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں، باقی سب اللہ کے ہاتھ میں ہے۔