25 جون ، 2018
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مسلح افواج کے افسران کے نام سے جعلی فون کالز کی جارہی ہیں اور بعض افراد پاک افواج کے نمائندے بن کر لوگوں کی معلومات اکٹھا کررہے ہیں۔
عوامی آگاہی کے لیے جاری ہونے والے اعلامیے میں آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جعلی فون کالز پر مردم شماری کی معلومات کے بہانے لوگوں سے شناختی کارڈ نمبر اور بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات مانگی جارہی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ عوام سے گزارش ہے کہ ایسی کسی کال کا جواب نہ دیں اور کال آنے کی صورت میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 1135 یا 1125 پر فوری رپورٹ کریں۔
اس سے قبل رواں سال جنوری میں بھی آئی ایس پی آر نے اسی طرح کی وارننگ جاری کی تھی۔