کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم: جاوید ہاشمی و دیگر انتخابات سے دستبردار

الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست آج جاری کی جائے گی اور کل انتخابی نشان الاٹ ہوں گے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کے الیکشن سے دستبردار ہونے کا وقت ختم ہوگیا جب کہ سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی الیکشن سے دستبردار ہوگئے۔ 

عام انتخابات کے لیے 4 مراحل طے کرلیے گئے ہیں اور اب اگلے مرحلے میں کل الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام ریٹرننگ افسران کی جانب سے امیدواروں کے انتخابی نشانات کے ساتھ حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔

انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار یکم جولائی سے 23 جولائی تک انتخابی مہم چلا سکیں گے اور 24 جولائی کو وقفے کے بعد 25 جولائی کو ملک بھر میں پولنگ ہوگی۔

امیدواروں کی جانب سے آج کاغذات نامزدگی واپس لینے اور پارٹی ٹکٹ جمع کرانے کا عمل مکمل کیا گیا جس کے دوران کئی امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے۔

ملتان سے قومی اسمبلی کی 2 نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی انتخابات سے دستبردار ہوگئے۔

ریٹرننگ افسر کے مطابق جاوید ہاشمی نے این اے 155 اور این اے 158 سے نامزدگی فارم واپس لے لیے۔ 

اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدواروں نے پارٹی ٹکٹس ریٹرننگ افسر کو جمع کرادیے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے حلقہ این اے 52 سے راجہ خرم نواز، این اے 53 سے پارٹی چیئرمین عمران خان اور این اے 54 سے اسد عمر کا پارٹی ٹکٹ جمع کرایا گیا۔

حلقہ این اے 53 سے عمران خان کے کورنگ امیدوار علی بخاری نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

متحدہ مجلس عمل کی جانب سے این اے 53 اور 54 میں میاں اسلم نے اپنے پارٹی ٹکٹ جمع کرائے جب کہ (ن) لیگی امیدوار انجم عقیل نے این اے 54 سے اپنا پارٹی ٹکٹ ریٹرنگ آفیسر کو جمع کرا دیا۔

راولپنڈی سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 سے متحدہ مجلس عمل کے رضا احمد شاہ نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

راولپنڈی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 13 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری سرفراز افضل نے پارٹی ٹکٹ جمع کرا دیا۔

پیپلز پارٹی کی امیدوار شہلا رضا نے قومی اسمبلی کی نشست این اے243 کراچی کے لیے ٹکٹ جمع کرادیا جب کہ این اے 242 سے (ن) لیگ کےحاجی شرافت علی نے پارٹی ٹکٹ آر او کو جمع کرا دیا۔

کراچی کی ہی قومی اسمبلی کی نشست این اے 245 سے پیپلز پارٹی کے فرخ نیاز تنولی نے پارٹی ٹکٹ آر او کو جمع کرادیا۔

کراچی سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 92 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار رانا شاہد نے ریٹرننگ افسر کو پارٹی ٹکٹ جمع کرادیا جب کہ پی ایس 104 سے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار نوراللہ اچکزی نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے۔

یاد رہے کہ انتخابی عمل کے لیے پہلے مرحلے میں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے بعد اسکروٹنی کا عمل مکمل ہوا اور تیسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری اور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی۔

مزید خبریں :