پاکستان
Time 21 جولائی ، 2018

25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے نواز شریف اور ان کی بیٹی کو باہر لانا ہے، شہباز


سرگودھا: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے میاں نواز شریف اور ان کی بیٹی کو باہر لانا ہے۔

سرگودھا میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف 13 جولائی کو بیٹی کے ساتھ بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر لندن سے پاکستان پہنچے، انہیں بیمار والدہ سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دی گئی، دونوں باپ بیٹی کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے پورے پاکستان میں موٹرویز کے جال بچا دیے، اسے گرفتار کیا گیا جس نے ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کو عظیم قوت بنایا۔

شہباز شریف نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے خان، الزام خان اور بہتان خان روز ایک بات کرتا ہے اوریوٹرن لیتا ہے، جتنے پاکستان میں یو ٹرن کے نشان ہیں وہاں عمران خان کی تصویر لگائی جائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ عمران خان نے پشاور میٹرو کا بیڑا غرق کردیا، پشاور میٹرو کا ٹھیکہ بلیک لسٹ کمپنی کو دیا گیا، پورا پشاور کھنڈر بن چکا ہے۔

انہوں نے جلسے کے حاضرین سے استفسار کیا کہ کیا آپ پشاور کی طرح پنجاب کو برباد ہوتا دیکھ سکتے ہیں؟

شہباز شریف نے کہا کہ سرگودھا میں جہاں بھی ہمارے نمائندوں سے کوتاہی ہوئی میں معذرت چاہتاہوں، حکومت ملی تو سرگودھا کو لاہور جیسا بناؤں گا۔

عمران خان کو دیر سے پتہ لگا کہ میں خطرناک آدمی ہوں، شہباز شریف

صدر مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ 25 جولائی کو شیر کو ووٹ دینا ہے، پشاور میٹرو میں 40 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، جس نے 40 ارب روپےکا فراڈ کیا، کیا اس فراڈیے کو آپ ووٹ دیں گے؟

شہباز شریف نے کہا کہ ’عمران خان کہتا ہے شہباز شریف بہت خطرناک آدمی ہے، عمران خان تمہیں بہت دیر بعد پتا چلا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک لمحے کہے گا کالج بناکردوں گا، اگلے منٹ میں کہے گا نہیں بناکردوں گا، 25 جولائی کو شیر پر ٹھپا لگاکر عمران خان کی سیاست کو ٹھپ کردیں۔

مزید خبریں :