پاکستان
Time 23 جولائی ، 2018

’برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آگیا ہے‘


راولپنڈی: سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کا آڈیو بیان میں کہنا ہے کہ برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا وقت آگیا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز اڈیالہ جیل میں قید ہیں لیکن مریم نواز کے ٹوئٹر ہینڈل سے سابق وزیر اعظم کا آڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے۔

اپنے آڈیو پیغام میں نواز شریف کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کا تاریخی دن آن پہنچا ہے اور میں جیل اور اس قید میں بھی آپ کا جوش و خروش اور ولولہ دیکھ رہا ہوں، ہر طرف ووٹ کو عزت دو کے نعرے سن رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ برسوں سے ہماری خرابیوں کی ذمہ دار دیوار کو آخری دھکا دینے کا لمحہ آگیا ہے۔

نواز شریف کا بیان میں کہنا تھا کہ میں اور مریم اسی لیے قید میں ہیں کہ آپ کی عزت اور آپ کے ووٹ کی عزت کے لیے تحریک اٹھائی ہے لہذا وقت آگیا ہے کہ آپ اس تحریک کو کامیاب بنائیں اور آپ ایسا تاریخی فیصلہ سنائیں جو تمام فیصلوں کو بہا لے جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کو نماز فجر کے بعد بھرپور عزم اور پختہ ارادے کے ساتھ گھروں سے نکلو، اپنی عزت اور ووٹ کی حرمت کے لیے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ کو دو، شیر کے نشان کو ووٹ دو۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک کی تقدیر بدلنے کا سنہری موقع مل رہا ہے، اس سے پر قیمت پر آپ نے پاکستان کی تقدیر بدلنی ہے۔

خیال رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیرایراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 6 جولائی کو بالترتیب 11 اور 8 سال کی سزا سنائی تھی اور دونوں کو لندن سے وطن واپس پہنچنے پر 13 جولائی کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :