عامر خان نے عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی


 ممبئی: بالی وڈ اداکار عامر خان نے متوقع وزیراعظم پاکستان عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی۔ 

بھارتی میڈیا کے مطابق عامر خان کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کی وزارت عظمیٰ کے لیے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت اب تک نہیں ملی، اگر دعوت ملتی بھی ہے تو شرکت سے معذرت کرتا ہوں۔

اداکار نے کہا کہ وہ ان دنوں پانی فاؤنڈیشن کے ایک ایونٹ میں مصروف ہوں جس میں 10 ہزار کے قریب دیہاتی شرکت کریں گے۔

دوسری جانب بھارتی سابق کرکٹر کپل دیو کا کہنا تھا کہ ’مجھے تقریب حلف برادری کے لیے مدعو نہیں کیا گیا اگرچہ مدعو کیا جائے گا اور بھارتی حکومت سے اجازت ملی تو پاکستان جا کر تقریب حلف برداری میں ضرور شرکت کروں گا‘۔


بھارتی سیاست دان اور سابق کرکٹر و کامیڈین نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے انہیں تقریب حلف برداری کے لیے مدعو کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک بہترین کردار کے مالک، بھروسے مند ہیں اور انہیں وہ امید کی کرن دیکھتے ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو کا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ عمران خان نے مجھے ذاتی طور پر مدعو کیا ہے اور ان کی جانب سے دی گئی دعوت قبول کرلی ہے۔







واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں تحریک انصاف قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کر کے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے اور وفاق میں حکومت سازی کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوگی جس میں چند دوستوں کو بیرون ملک سے مدعو کیا جائے گا اور دوستوں کے علاوہ کسی بیرونی شخصیت کو دعوت نہیں دی جائے گی۔

مزید خبریں :